وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ اوریو این ای پی کے تعاون سے مضر فضلہ کےموثرانتظام کے حوالے سے تربیتی ورکشاپ کاانعقاد

213
وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ
وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ اوریو این ای پی کے تعاون سے مضر فضلہ کے موثر انتظام کے حوالے سے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

لاہور۔3ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ نے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (یو این ای پی )کے تعاون سے کیمیکلزاور مضر فضلہ کا موثر انتظام کرنے کے حوالے سے گزشتہ روز یہاں مقامی ہوٹل میں آگاہی و تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ترجمان کے مطابق ورکشاپ کا مقصد پاکستان میں کیمیکلز اور مضر فضلہ کومحفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کیلئے قومی سطح پر قانون سازی اور سٹیک ہولڈرز کی استعداد کار کو بڑھانے سمیت پاکستان میں کیمیکلزاور خطرناک فضلہ کو ٹھکانے لگانے کے مسائل بارے شرکا کو آگاہی اور اس کے چیلنجز سے موثر طریقے سے نمٹنے کے لیے ضروری معلومات فراہم کرنا تھا۔

اس موقع پر وفاقی وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر (کیمیکلز)ڈاکٹر ضیغم عباس نے پاکستان میں خطرناک فضلہ کی موجودگی اور اس کے ٹھکانے لگانے کے حوالے سے محفوظ انتظامات بارے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا ۔انہوںنے کیمیکل اور فضلہ سے متعلق کثیر الجہتی ماحولیاتی معاہدوں باسل، اسٹاک ہوم، روٹرڈیم، میناماٹا اور ویانا کنونشنز اور مونٹریال پروٹوکول کے ضابطوں کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے قومی سطح پر قانون سازی کو مضبوط بنانے اور کیمیکلزاور مضر فضلہ اور کچرے کے موثر انتظام کے طریقوں کے لیے یو این ای پی کے فنڈڈ خصوصی پروگرام کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

اس موقع پر ماہرین نے ماحول اور انسانی صحت پر مضر فضلہ اور کیمیکلز کے منفی اثرات پر روشنی ڈالی اور اسے محفوظ طریقے سے تلف کرنے کی بجائے غلط طریقے اپنانے کے خطرناک نتائج کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ ورکشاپ میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بابرصاحب دین ،پروفیسر ڈاکٹر معین الدین غوری ،پروفیسر ڈاکٹر فرحت یاسمین وزارت موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ کے پروگرام ٹیکنیکل آفیسرساجد رضا اور دیگر نے شرکت کی ۔اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی پریزنٹیشن پیش کی۔