اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے بدھ کو یہاں نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کےاجلاس کی صدارت کی جس میں کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں چیف اکانومسٹ ڈاکٹر ندیم جاوید، وزارت خزانہ، لائن منسٹریز، ایف بی آر، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان، پاسکو، اور صوبائی حکومتوں کے نمائندے موجود تھے۔
وفاقی وزیر نے حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی جس کے نتیجہ میں گندم، آلو، ٹماٹر اور دیگر غذائی اجناس کو نقصان پہنچا، متعلقہ محکموں کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کے رجحان پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا۔پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس (پی بی ایس) نے سینسٹو پرائس انڈیکس (ایس پی آئی) پر رپورٹ پیش کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 10 ضروری اشیاء بشمول بجلی، ٹماٹر، ایل پی جی سلنڈر، کیلا، لہسن، دال مسور، خوردنی تیل وغیرہ کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔
گندم سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ اجلاس میں 17 شہروں سے لئے گئے تخمینہ پر بھی غور کیا گیا۔ واضح رہے کہ سینسٹو پرائس انڈیکس (ایس پی آئی) ہفتہ وار بنیادوں پرشمار کیا جاتا ہے تاکہ ملک میں قیمتوں کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے ضروری اشیاء کی قیمتوں کے اتار چڑھاو کا قلیل المدتی تخمینہ لگایا جا سکے۔مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں منافع خوری کے رجحان پر تجزیاتی جائزہ پیش کیا۔
وفاقی وزیر نے ریٹیلرز کی جانب سے ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کرنے اور اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایت کی کیونکہ تھوک اور ریٹیل منڈیوں کی قیمتوں کے مارجن میں واضح فرق ہے۔ وفاقی وزیر نے صوبائی حکومتوں اور اسلام آباد انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ اشیائے ضروریہ کی ہول سیل اور ریٹیل قیمتوں کے درمیان منافع کے مارجن کو کم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے صوبائی انتظامیہ کو منافع خوری پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی جبکہ عوام کو ریلیف کی منتقلی کے لیے متعلقہ ایسوسی ایشنز کے ساتھ رابطہ رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
وزارت صنعت نے آگاہ کیا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ تاہم بین الاقوامی مارکیٹ میں تیزی سے گراوٹ کا اثر مقامی مارکیٹ پر دیر سے پڑے گا ۔ وفاقی وزیر نے وزارت صنعت کو ہدایت کی کہ وہ اگلے ایک ماہ کے اندر گھی/ خوردنی تیل کی قیمتوں میں 20 روپے کی کمی کو یقینی بنائے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے اشیائے ضروریہ کی رسد میں زبردست کمی ہوئی ہے جس سے مجموعی طور پرقیمتو ں پر اثر پڑا ہے۔
وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ لیہ سے بلوچستان کو گندم کی فراہمی سے بلوچستان میں گندم کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی آنی چاہئے۔