سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے گورنمنٹ کالج فار ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کی وائس چانسلر کو ای سی او ایوارڈ پیش کیا

اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے گورنمنٹ کالج فار ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق کو اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن (ای سی او) ایوارڈ دیا۔

بدھ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے وزارت خارجہ میں گورنمنٹ کالج فار ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کی وائس چانسلر کو ای سی او ایوارڈ فار ایکسیلینس پیش کیا۔ ای سی او ایوارڈز اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن کے رکن ممالک کی ممتاز شخصیات کو تاریخ اور ثقافت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم، زراعت اور ماحولیات، علاقائی کردار اور تنظیم کے اہداف اور مقاصد میں شراکت کے ساتھ ساتھ ان کے شاندار تحقیقی کام اور اقتصادیات کے شعبوں میں کامیابیوں پر دیا جاتا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق نے زراعت اور ماحولیات کے شعبے میں اپنی کامیابیوں اور شراکت کے لیے ایوارڈ جیتا ہے۔ ای سی او ایوارڈز گزشتہ سال28 نومبرکو اشک آباد ترکمانستان میں 15ویں ای سی او سربراہی اجلاس کے دوران فاتحین کو دیئے گئے تاہم ایوارڈ جیتنے والے کورونا وائرس کی پابندیوں کی وجہ سے اشک آباد کا سفر نہیں کرسکے۔

پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق کا ایوارڈ 15ویں ای سی او سمٹ میں پاکستانی وفد نے وصول کیا۔ یہ ایوارڈ پانچ ہزار ڈالر کے نقد انعام کے ساتھ میڈل پر مشتمل ہے۔