25.5 C
Islamabad
منگل, مئی 13, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا ”میڈیا لیب“ لانچنگ...

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا ”میڈیا لیب“ لانچنگ تقریب سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد ۔ 6 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ملک میں الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے اکثر اداروں کے پاس کوئی بزنس ریسرچ اور منصوبہ بندی موجود نہیں ہے جس کی بنیاد پر میڈیا کے بدلتے ہوئے ماحول سے نمٹنے کی منصوبہ بندی کی جا سکے، میڈیا انڈسٹری کے بحران کا تعلق معیشت سے نہیں بلکہ ٹیکنالوجی سے ہے، میڈیا پلیٹ فارمز تیزی سے بدل رہے ہیں، روایتی میڈیا کی اشتہارات کی آمدنی کم جبکہ غیر روایتی میڈیا کی بڑھ رہی ہے، حکومت نے اپنی تشہیری پالیسی تبدیل کرکے اس میں ڈیجیٹل میڈیا کو بھی شامل کیا ہے، اب اشتہارات کی ایک تہائی آمدن ڈیجیٹل میڈیا کو جائے گی۔ بدھ کو یہاں پاکستان کے پہلے انکیوبیٹر اینڈ ایسیلیٹر فار ٹیک بیسڈ ڈیجیٹل میڈیا سٹارٹ اپ ”میڈیا لیب“ لانچنگ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فیس بک انتظامیہ کو کہا ہے کہ اگر وہ پاکستان سے اشتہارات لینا چاہتے ہیں تو یہاں اپنا دفتر کھولیں، رواں سال کے دوران سات ارب روپے کی ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ ہو گی جس میں سے زیادہ تر پیسہ باہر جائے گا، پیسے کے بیرون ملک منتقل ہونے کو روکنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ملک کا پیسہ ملک میں ہی رہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کے تحت تشہیر کے مقامی ادارے قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی مختلف یونیورسٹیوں سے ہر سال ہزاروں نوجوان صحافت کی تعلیم حاصل کرکے فارغ ہو رہے ہیں، ان کو نوکریاں کیسے ملیں گی، اس حوالہ سے اب ہمیں نوکری سے زیادہ انٹر پرینیور بنانا پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی حیثیت بدل رہی ہے، وزارت اطلاعات میں بھی مختلف شعبہ جات ہیں جن میں اطلاعات، نشریات اور تحقیق وغیرہ شامل ہیں، ڈیجیٹل سروس آف پاکستان کے قیام کے حوالہ سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”اے پی پی“ کو ڈیجیٹلائز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو جدید ٹیکنالوجی پڑھانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ویب ٹی وی اور سوشل میڈیا کو بھی قواعد و ضوابط میں لا رہے ہیں جس کی تفصیلات طے کی جا رہی ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس حوالہ سے پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام پر مشاورت کی جا رہی ہے، ٹیکنالوجی کے فروغ سے اب ہم الیکٹرانک، ڈیجیٹل میڈیا اور اخبارات کو علیحدہ علیحدہ نہیں سمجھ سکتے کیونکہ یہ سب چیزیں ہمیں ایک موبائل فون میں بھی دستیاب ہیں، میڈیا اداروں سے ورکرز کو نکالنے پر ان کی دادرسی کا بھی کوئی ادارہ موجود نہیں تھا اس لئے ان تمام حالات و واقعات کے تحت پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی قائم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی صنعت کو تحقیق کرنی چاہئے تاکہ وہ معلوم کر سکے کہ ٹیکنالوجی سے میڈیا کیسے متاثر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا کی ایک کلائنٹ تو ہے لیکن سروائیور (Serviver) نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو اپنے اخراجات میں خود مختار ہونا چاہئے اور حکومت پر انحصار کرنے کی بجائے مارکیٹ پر انحصار کرے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس حوالہ سے ریسرچ سے مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ڈرامہ سیریل ایک ویب ٹی وی نے 4.5 لاکھ ڈالر میں خریدی ہے، اسی طرح تین اور سیریلز بھی بھارتی ویب سائٹس خرید رہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ سے نیوز میڈیا زیادہ متاثر ہو رہا ہے اور اشتہارات کی آمدنی مختلف شعبوں میں تقسیم ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتے ہوئے بھی حاجیوں کو 4.36 ارب روپے کی سبسڈی فراہم نہیں کر سکتی، ان حالات میں ہم میڈیا کو کیسے مراعات دیں، حکومت کی آمدن کم ہے، اگر میڈیا یہ سوچے کہ ہمارے کاروبار کا بوجھ حکومت اٹھا لے گی تو یہ ممکن نہیں ہو گا اس لئے ہمیں جدید ٹیکنالوجی پر انحصار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے میڈیا اداروں کو ہدایت کی کہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیلئے کام کریں۔ وفاقی وزیر نے میڈیا لیب کو بھی ہدایت کی کہ وہ آئندہ 5، 10، 20 سالوں میں میڈیا کی بدلتی ہوئی ہیئت پر تحقیق کرے تاکہ حکومت اور میڈیا انڈسٹری اپنی منصوبہ بندی کر سکیں کیونکہ ٹھوس تحقیق کے بغیر پالیسی سازی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل سروس آف پاکستان بنانا چاہتی ہے اس میں بھی میڈیا لیب کی معاونت درکار ہو گی۔ وفاقی وزیر نے ملک میں ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ کیلئے ہر طرح کے ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔ تقریب میں سویڈن کی سفیر انگرڈ جوہانسن نے بھی شرکت کی اور میڈیا کے لیب کے قیام کو پاکستان میں ڈیجیٹل میڈیا کے شعبہ میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=133324

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں