
میڈیا ہاﺅسز اور میڈیا کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے مزید سیکورٹی اقدامات کی ضرورت ہے،حکومت نے صحافی برادری کے تحفظ کا تہیہ کر رکھا ہے،حکومت جرنلسٹ ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن بل 2016ءکی تیاری کیلئے کام کر رہی ہے
وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید کا وزارتی کمیٹی کے چھٹے اجلاس سے خطاب
اسلام آباد ۔02 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ میڈیا ہاﺅسز اور میڈیا کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے مزید سیکورٹی اقدامات کی ضرورت ہے۔ جمعہ کو یہاں میڈیا ہاﺅسز کے سیکورٹی ایشوز کے حل کیلئے قائم کی گئی وزارتی کمیٹی کے چھٹے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے صحافی برادری کے تحفظ کا تہیہ کر رکھا ہے اور جرنلسٹ ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن بل 2016ءکی تیاری کیلئے کام کر رہی ہے تاکہ میڈیا کے کارکنوں کے جائز مطالبات پورے ہو سکیں۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے تعلیم انجینئر بلیغ الرحمن اور وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بل میں انڈاﺅمنٹ فنڈ سے متعلق شقیں، جانی نقصان یا زخمی ہونے کی صورت میں معاوضہ اور انشورنس سکیم شامل ہے جس کا مقصد میڈیا کی صنعت اور اس میں کام کرنے والے کارکنوں کی پائیدار ترقی اور تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ہاﺅسز کا تحفظ اور کارکنوں کی سلامتی و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔