
اسلام آباد ۔ یکم دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ حکومت انسانی حقوق کی بالادستی اور معاشرے کے تمام طبقات کو ان کے حقوق کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے، پمز ہسپتال میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے لئے وزارت انسانی حقوق کے مطالبہ پر علیحدہ وارڈ کا قیام اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے جس پر وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی اور پمز انتظامیہ کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پمز ہسپتال میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے لئے قائم کردہ علیحدہ شعبہ کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر عامر محمود کیانی، پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر نوشین حامد، پمز ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر راجہ امجد محمود کے ہمراہ انہون نے ٹرانس جینڈر کے لئے علیحدہ شعبہ، کارڈیالوجی ایمرجنسی اور سرجیکل وارڈ 2 اور 3 کے علاوہ جدید صفائی نظام کا بھی افتتاح کیا۔