وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز، مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین سے پاکستان میں قازقستان کے سفیر کی ملاقات

187
وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز، مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین سے پاکستان میں قازقستان کے سفیر کی ملاقات

اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز، مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین سے پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کِسٹافن نے بدھ کو یہاں ان کے آفس میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بدھ کو وزارت اوورسیز پاکستانیز سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور پاکستانی طلباء کا ڈیٹا قازقستان کے ساتھ شیئر کرنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ تشدد کا کوئی واقعہ نہ ہو۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ حکام کو سکیورٹی ڈائیلاگ کا اہتمام کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ قازقستان کی ایئر لائن پاکستان کے ساتھ رابطے کا ذریعہ بن سکتی ہے، ہم ایئر لائن کے کاروبار کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔

قازقستان کے سفیر یرژان کِستافان نے کہا کہ اسلامو فوبیا سے نمٹنا مسلم ممالک کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان مذہبی مکالمے پر بات چیت بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قازقستان آئندہ ماہ مذہبی کانفرنس منعقد کرنے کی تیاری کر رہا ہے اور ہمیں امید ہے کہ کانفرنس میں پاکستان کی شرکت سے مذہبی مکالمے کو تقویت ملے گی۔دونوں رہنماؤ ں نے ملاقات کو انتہائی خوشگوار قرار دیا۔