اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان سے آذربائیجان کے سفیر علی علیزادہ نے منگل کو پٹرولیم ڈویژن میں ملاقات کی۔ تراب ، کنٹری ہیڈ ، ایس او سی آر ، بھی سفیر کے ہمراہ اس ملاقات میں شریک تھے۔ سٹیٹ آئل کمپنی (ایس او سی اے آر) آذربائیجان کی سب سے بڑی آئل اینڈ گیس کمپنی ہے۔ اس کا کاروبار یورپ اور ایشیا کے بہت سے ممالک تک پھیلا ہوا ہے۔ وفد نے پاکستان کے توانائی کے شعبے میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع کی تلاش میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے طویل المدتی بنیاد پر ایل این جی کی فراہمی اور ملک کے ایل این جی انفراسٹرکچر میں مواقع کی پیش کش کے ساتھ ساتھ پاکستان میں تیل اور گیس کی تلاش کی سرگرمیوں میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ حالیہ برسوں میں پاکستان نے ایل این جی کی ایک اہم مارکیٹ کی حیثیت سے ترقی کی ہے جس نے مختلف سرمایہ کاروں کی دلچسپی کو اپنی طرف راغب کیا ہے۔ آذربائیجان کے سفیر علی علیزادہ نے ریمارکس دیئے کہ "پاکستان برادرانہ ملک ہے جو ہماری آزادی کے بعد پاکستان کو پہچاننے والا پہلا ملک تھا۔” انہوں نے یہ بھی کہا کہ ، "ہم توانائی کے شعبے میں خصوصی طور پر اپنے معاشی تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر پٹرولیم عمر ایوب خان نے سفیر کی طرف سے تعریفی بیان پر گرمجوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ، "ہماری حکومت کی کاروبار اور سرمایہ کاروں کے لئے کھلی و شفاف پالیسی ہے۔ حکومت نے ملک میں کاروبار کی سہولت کو مزید تقویت کے لیے اہم اقدامات اٹھائے ہیں جس کی وجہ سے ملک میں کاروبار کرنے میں آسانی ہے۔ پاکستان ایک کھلی اور مسابقتی مارکیٹ اور شفافیت پر یقین رکھتا ہے۔ وفاقی وزیر نے آذربائیجان سے کہا کہ گیس کی تقسیم ، ایکسپلوریشن اور قابل تجدید توانائی میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں کیونکہ ہم مستقبل میں اپنی توانائی مکس کے 60 فیصد میں لانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے آذربائیجان کو گوادر بندرگاہ تک رسائی کی پیش کش کی۔ سفیر نے وفاقی وزیر کو ان کی عمدہ خدمات اور دونوں برادر مملک میں تعلقات مضبو ط بنانے کے اعتراف میں سفارتی تمغہ سے نوازے جانے بارے میں آگاہ کیا۔ فریقین نے مستقبل میں بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات کا اختتام تحائف اور شکریہ کے تبادلے کے ساتھ ہوا۔