اسلام آباد ۔ 9 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ سکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں میں لانا ہماری اولین ترجیح ہے، اس سلسلہ میں وزیراعظم کی جانب سے بنائی جانے والی ٹاسک فورس نے سفارشات مرتب کر لی ہیں جنہیں منظوری کے بعد جلد نافذ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو بین الاقوامی تعلیمی ڈونرز سے ملاقات کے دوران کہی۔ ڈونرز سے ملاقات میں شفقت محمود نے کہا کہ ہمارے ملک میں سکول جانے کی عمر کے بچوں کی ایک بڑی تعداد سکولوں سے باہر ہے، ہماری حکومت کی پالیسی ہے کہ سکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں میں واپس لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں میں لانے کے لئے ایک ٹاسک فورس تشکیل دی ہے، جس نے اپنی سفارشات مرتب کر لی ہیں، جن پر جلد وزیراعظم کی منظوری کے بعد عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچے کی تعلیم تک رسائی کو ممکن بنائیں گے اور ملک بھر میں اسکولوں کی کمی کو پورا کیا جائے گا۔ شفقت محمود نے ڈونرز کے وفد کو بتایا کہ ملک میں اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، جس کے لئے سمارٹ سکول متعارف کرائے جا رہے ہیں۔