وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس

145
APP68-20 ISLAMABAD: September 20 - Federal Minister for Finance Senator Mohammad Ishaq Dar chairing a meeting with Qazi Azmat Isa on the performance of Pakistan Poverty Alleviation Fund (PPAF) at the Finance Division. APP

اسلام آباد ۔ 20 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی صدارت میں پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ( غربت کے خاتمہ فنڈ) کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منگل کو منعقد ہوا جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر فنڈ قاضی عظمت عیسیٰ نے وزیر خزانہ کو وزیراعظم کی سود سے پاک قرض سکیم پر پیشرفت کے بارے بریفنگ دی۔ انہیں بتایا گیا کہ اگست 2016ءکے آخر تک دو لاکھ 7ہزار 720 افراد کو ساڑھے تین ارب روپے کا قرض دیا گیا۔ ان میں ایک لاکھ 27 ہزار 697 خواتین اور 80 ہزار 23 مرد شامل تھے۔ 99 فیصد ریکوری شرح پر تمام افراد کو 50 ہزار روپے تک کے قرضے دیئے گئے۔ 24 پارٹنر تنظیموں کے ساتھ پاکستان پاورٹی ایلویشن فنڈ اس وقت 44 اضلاع اور 287 یونین کونسلوں میں سود سے پاک قرضے تقسیم کر رہا ہے۔ اگست 2016ءتک 233 لون سنٹرز کے ذریعے 4 ارب 51 کروڑ 80 لاکھ روپے تقسیم کئے ہیں۔ وزیراعظم کے سود سے پاک قرض سکیم کے تحت نہ صرف صارفین کو قرض مہیا کئے جارہے ہیں بلکہ انہیں بزنس ایڈوائزری سروسز بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ ان کے رابطے مائکرو فنانس انسٹی ٹیوشنز اور مارکیٹ کے ساتھ بھی جوڑے جاتے ہیں۔