وفاقی وزیر خزانہ سے پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن، پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور یو اے ای کی اقتصادی ٹیم کے ارکان کی ملاقاتیں

123

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے ہیں، ملک میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کو ہر طرح کا تعاون فراہم کیا جائے گا، برآمدات میں اضافہ کیلئے برآمدی شعبہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں۔ وزیر خزانہ نے یہ بات پیر کو یہاں پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن، پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور متحدہ عرب امارات کی اقتصادی ٹیم کے ارکان سے ملاقات میں کہی۔ پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد کی قیادت چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر شہزاد امین کر رہے تھے۔

وفاقی وزیر کو ملک کی اقتصادی ترقی میں ڈیری ایسوسی ایشن کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ حالیہ سیلاب اور قبل ازیں لمپی سکن کی بیماری کی وجہ سے بڑی تعداد میں مویشی ہلاک اور متاثر ہو گئے جس سے ملک میں دودھ اور گوشت کی پیداوار پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ ملاقات میں ایسوسی ایشن کو درپیش دیگر مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر نے ایسوسی ایشن کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے متعلقہ حکام کو ڈیری کے شعبہ کو درپیش مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔ ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹیکسٹائل کا شعبہ ملک کی اقتصادی ترقی اور پائیدار اقتصادی نمو میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ ایسوسی ایشن کے وفد کی قیادت پیٹرن انچیف خرم مختار کر رہے تھے۔

اس موقع پر وزیر مملکت ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیر پٹرولیم مصدق مسعود ملک، محمد عاصم نذیر، گورنر سٹیٹ بینک، چیئرمین ایف بی آر، وزیراعظم کے رابطہ کار برائے معیشت بلال اظہر کیانی، چیئرمین پی ٹی ای اے سہیل پاشا، سیکرٹری جنرل عزیز اﷲ گوہر اور وزارت خزانہ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ وزیر خزانہ کو بتایا گیا کہ ٹیکسٹائل کا شعبہ ملک کی برآمدات میں کلیدی حصہ دار ہے۔ ملاقات میں ٹیکسٹائل کے شعبہ کو درپیش بالخصوص برآمدات اور ٹیکس ریفنڈز سے متعلق امور و مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیر خزانہ نے یقین دلایا کہ حکومت ملکی برآمدات میں اضافہ کرنا چاہتی ہے اور اس مقصد کیلئے ہر طرح کا تعاون فراہم کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے متعلقہ حکام کو ٹیکسٹائل شعبہ کو درپیش مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔ یو اے ای کی اقتصادی ٹیم کے ارکان سے ملاقات میں وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کو ہر طرح کا تعاون فراہم کیا جائے گا۔

یو اے ای کی اقتصادی ٹیم نے ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے موجودہ حکومت کے تعاون اور حمایت کو سراہا۔ ملاقات میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ علاوہ ازیں مشترکہ دلچسپی کے باہمی امور اور مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں توانائی، معیشت اور دیگر شعبوں میں تعاون سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وزارت خزانہ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔