چیئرمین پی ٹی آئی کے پاک فوج کی سینئر قیادت بارے توہین آمیز اور غیر ضروری بیان پر پاک فوج میں شدید غم و غصہ ہے ، آئی ایس پی آر

ispr
ispr

راولپنڈی۔5ستمبر (اے پی پی):پاک فوج نے آئین کی پاسداری کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے پاک فوج کی سینئر قیادت کے بارے میں توہین آمیز اور غیر ضروری بیان پر پاک فوج میں شدید غم و غصہ ہے ، پاک فوج کی اعلیٰ قیادت کو ایک ایسے وقت میں بدنام اور کمزور کرنے کی کوشش کی گئی ہے جب یہ ادارہ آئے روز پاکستانی عوام کی سلامتی اور تحفظ کے لیے جانیں دے رہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر ) کے مطابق پاکستان آرمی فیصل آباد میں ایک سیاسی جلسے کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے پاک فوج کی سینئر قیادت کے بارے میں توہین آمیز اور غیر ضروری بیان پر برہم ہے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پاک فوج کی اعلیٰ قیادت کو ایک ایسے وقت میں بدنام اور کمزور کرنے کی کوشش کی گئی ہے جب یہ ادارہ آئے روز پاکستانی عوام کی سلامتی اور تحفظ کے لیے جانیں دے رہا ہے۔

پاک فوج کے سربراہ کی تقرری جس کے لئے آئین میں طریقہ کار اچھی طرح بیان کیا گیا ہے ، کو متنازعہ بنانے والے سینئر سیاستدان کا یہ عمل انتہائی افسوس ناک اور مایوس کن ہے۔ فوج کی اعلیٰ قیادت نے اپنی حب الوطنی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو کسی شک و شبہ سے بالاتر ثابت کرنے کے لیے دہائیوں پر محیط شاندار خدمات انجام دیں۔

پاک فوج کی سینئر قیادت پر سیاست کرنا اور آرمی چیف کے انتخاب کے عمل کوسکینڈلائزکرنا نہ تو ریاست پاکستان کے مفاد میں ہے اور نہ ہی ادارے کے مفاد میں ہے۔پاک فوج اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی پاسداری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔