وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے جاپان کے سفیر کی ملاقات

92

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل سے جاپان کے سفیر واڈا میتسوہیرو نے بدھ کو فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان اچھے دوستانہ تعلقات ہیں جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاپان پاکستان کے بڑے ترقیاتی شراکت داروں میں سے ایک ہے اور وہ اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لئے متعدد شعبوں میں تعاون مزید مضبوط ہوگا۔

وزیر خزانہ نے سفیر کو موجودہ حکومت کی معیشت اور اقتصادی ترجیحات کا مختصر جائزہ پیش کیا اور کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے پر یقین رکھتی ہے۔ وزیر خزانہ اور سفیر نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

جاپان کے اعزازی سفیر نے کہا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو پاکستان میں جاپانی اداروں کے آپریشنز کے بارے میں بتایا اور اس یقین کا اظہار کیا کہ حکومت کی عملی پالیسیوں کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری اور اقتصادی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے سفیر کو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بہتر بنانے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ سفیر نے معاونت پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔