وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا پاکستان آٹو پارٹس شو میں تقریب سے خطاب

220

کراچی۔ 13 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کی آٹو انڈسٹری کے ترقی کرنے پر بہت زیادہ خوشی ہے، چین کی مدد سے ریلوے ٹریکس بہتر بنائیں گے، ڈیڑھ سو سال پہلے انگریز نے ہمیں ساڑھے نو ہزار کلومیٹر دیا، ہم نے ہزار کلومیٹر سے زیادہ ٹریک بھٹیوں میں ڈال دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں ایکسپو سینٹر میں پاکستان آٹو پارٹس شو (پیپس) میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو پارٹس اینڈ اسیسریز مینوفیکچرز (پی اے اے پی اے ایم) کے زیراہتمام پیپس شو 2019ءمیں 107 غیر ملکیوں سمیت 244 کمپنیاں اپنی مصنوعات کی نمائش کر رہی ہیں۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اس امر پر خوشی ہے کہ پاکستان کی آٹو انڈسٹری ترقی کر رہی ہے اور اس کے اچھے اثرات سی پیک پر بھی مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آٹو انڈسٹری کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں، آٹو انڈسٹری ایگزیبیشن تک ہی محدود نہ رہے آگے بڑھیں ہم ساتھ ہیں، بیروزگاری کے خاتمے کیلئے آٹو انڈسٹری کو مزید ترقی دینی ہوگی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ 5 سے10 سال میں پاکستان معیشت میں تاریخ رقم کرے گا، آٹو پارٹس والے آئیں ہمارے ساتھ مل کر کام کریں، آپ جو چیز ہمیں دکھائیں گے ہم آپ سے ہی خریدیں گے۔ انہوں حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس شو تک محدود نہیں ہوجائے گا، آپ ریلوے کے ساتھ کام کریں۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ریلوے کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کے لئے کوشاں ہیں، ریلوے کی زندگی میں انقلاب کا فیصلہ 27 اپریل کو ایم ایل ون معاہدے کی صورت میں ہوگا، ہم پاکستان ریلوے کے 70 سالہ ٹریک کو تبدیل کرنے جا رہے ہیں، انگریزوں نے 9 ہزار کا ٹریک ہمیں دیا تھا ہم نے 2 ہزار ٹریک بھٹیوں میں ڈال دیا، ریلوے کے پاس پرانی کوچز ہیں انہیں ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، ریلوے آپ کے لئے بہت بڑی مارکیٹ ہے، آئیں مل کر پاکستان ریلوے اور ملک کے لئے کام کریں۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے شو میں ایک گاڑی بک کروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستان میں سائیکل نہیں بن رہی پہلے سب سائیکل بناتے تھے، 22 کروڑ کی آبادی میں سائیکل بنانے کی کوئی کمپنی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ چاہتی ہے ان کے سارے کیسز لاہور ہائی کورٹ میں چلیں جبکہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ ان کے کیسز کراچی میں سنے جائیں، اکنامی چوروں ڈاکوو¿ں نے لوٹی ہے اس لئے جلد اکنامی کا حل ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ایسا کوئی ملک نہیں جس کی سرحدیں تین سپر پاور سے لگتی ہیں، کہنا نہیں چاہتا چاربہار پورٹ پر ایک دو جہاز کھڑے ہوسکتے ہیں جبکہ گوادر میں ایک سو اسی جہازوں کے کھڑے ہونے کی گنجائش ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اگر مودی پہلے راونڈ میں الیکشن ہار گیا تو وہ کچھ بھی کر سکتا ہے، مودی ہندو کارڈ کھیل رہا ہے، مودی کے ہارنے سے پاکستان کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، بھارتی صورتحال سے بلوچستان اور کے پی کے میں دہشت گردی ہوسکتی ہے۔