وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمدکی پریس کانفرنس

132

لاہور۔6 اپریل(اے پی پی )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی سے پی ایس او کے آئل کی ترسیل کاٹھیکہ ریلوے کو مل گیا ہے جو بڑی کامیابی ہے ، رحمان بابا ایکسپریس کے ساتھ ایک اے سی کوچ کا بھی اضافہ کیا جارہا ہے جبکہ جناح ایکسپریس میں بچوں کے کرایوں میں کمی کرتے ہوئے تین ہزار فی کس مقرر کیا گیا ہے ، رحیم یار خان میں مال گاڑی کے حادثے کی وجہ سے قوم کو ہونے والی تکلیف پر معافی مانگتا ہوں اور اس حوالے سے قائم شدہ تحقیقاتی کمیٹی توڑتے ہوئے چیئرمین ریلوے کی سربراہی میں نئی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو سارے معاملے کی تحقیقات کرے گی ۔ وہ ہفتہ کے روز لا ہور ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پسنجر ٹرینوں کی بکنگ 80 سے 100 فی صد ہو گئی ہے ،مال گاڑی کے حادثے کے باوجود ان دنوں میں مسافروں کی تعداد میں کمی نہیں آئی، 80 فیصد سے زائد مسافروں نے سفر کیا ۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ ٹریک مشینوں اور ریلوے انجنوں میں ٹریکر نصب کیے جائیں گے تاکہ مجھے پتہ چل سکے کہ ٹریک پر کیا ہو رہا ہے ،انہوں نے افسران کو آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں کام کرنا ہوگا، اس کے علاوہ اور کوئی گنجائش نہیں۔ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ مزید بیس فریٹ ٹرینیں چلائیں گے، ساتوں ڈویثرنوں میں لوکوموٹو اسٹینڈ بائی رکھ رہے ہیں اور ٹاپ گریڈ ٹرین جلد چلائیں گے جس میں ہائی ویلیو سیلون لگائیں گے، کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم ناکارہ ہے جسے تبدیل کر رہا ہوں، بلوچستان اور سندھ کے ٹریکس کا دورہ کرنے جا رہے ہیں میڈیا ساتھ ہوگا، انہوں نے بتایا کہ چھ ماہ میں پندرہ لاکھ لیٹر تیل بچایا اور اب مانیٹرنگ شروع کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ صاحب حیثیت لوگوں کے لئے سیلون ٹرین چلانے پر غور کررہے ہیں، دو سو بوگیاں تیار کر رہے ہیں اور گیارہ فالتو انجن کھڑے ہیں جنہیں استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے بعد میں مزدوروں پر اعتماد ہے، اللہ تعالی ریلویز اور پاکستان پر رحم کرے۔ ایک سوال پر وفاقی وزیر ریلوے نے کہ رائل پام کنٹری کلب کا عدالتی فیصلہ گیارہ اپریل کو آ جائے گا، رائل پام کنٹری کلب کی طرف سے دوہزار تیرہ سے اب تک ایک روپیہ ٹیکس نہیں دیا گیا جبکہ ایک سو تین ایکڑ زمین کو ایک سو تینتالیس بنا لیا گیا، یہ سراسر زیادتی ہے۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ اب میں لاہور میں جمعہ اور ہفتہ دو روز قیام کیا کرونگا تاکہ ریلوے کے ساتھ میڈیا کے قریب بھی رہوں ، مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کے گھر نیب ٹیم کے چھاپے پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ صرف میڈیا پر آ کر بڑھکیں مارتے ہیں، یہ چاہتے ہیں کہ انہیں این آر او مل جائے اور یہ لندن چلے جائیں۔