اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر سید شبلی فراز سے ناروے کے سفیر کیجل گنار ایرکسن نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں دو طرفہ روابط کو مضبوط کرنا تھا۔
وفاقی وزیر شبلی فراز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے دوستانہ تعلقات کی ایک تاریخ ہے، پاکستان سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں ناروے سے تعاون اور مشترکہ منصوبوں میں وسعت کا خواہاں ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت طویل عرصے تک لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے پائیدار منصوبوں میں دلچسپی رکھتی ہے۔ حکومت کے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے ان کی وزارت ملک میں زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کے لیے سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں دوسرے ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے اپنابہترین کردار ادا کرے گی۔
ناروے کے سفیر نے کہا کہ ناروے پاکستان کے ساتھ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے درمیان باہمی ترقیاتی تعاون کو 50 سال کا عرصہ بیت چکا ہے، ہم پاکستان کے عوام کو فائدہ پہنچانے والی تجاویز اور پائیدار ترقیاتی پروگراموں میں وسعت کے خواہاں ہیں۔