اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سے اسپین کے سفیر مینویئل دورآن نےملاقات کی۔ممبر ٹیلی کام سید جنید امام نےھسپانوی سفیر کو ڈیجیٹل پاکستان پروزارت آئی ٹی کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ70 برس سے زائد عرصہ پر مبنی تعلقات دونوں ممالک کے مابین مضبوط دوستی کا ثبوت ہیں۔تجارتی حجم میں اضافہ دوطرفہ تعلقات کے مزید استحکام کا سبب بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر میں بہترین منافع کے خواہشمند سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان سے بہتر کوئی جگہ نہیں۔ مختلف شعبوں کے ساتھ آئی ٹی میں سرمایہ کاری کیلئے ہسپانوی سفیر کی کاوشیں مثبت پیش رفت لاسکتی ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں اسپین کے سرمایہ کاروں کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کو تیار ہیں۔ پاکستان مین 80 فیصد افراد موبائل فون اور 41 فیصد کو براڈ بینڈ سروس میسر ہے۔انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں تک کمیونیکشن سہولیات کی فراہمی میں یونیورسل سروس فنڈ کا فعال کردار ہے۔ملاقات میں وزارت آئی ٹی اور ہسپانوی سفارتخانے کے مابین آئی ٹی سیکٹر مین باہمی تعاون کیلئے مشترکہ کمیٹی کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔ہسپانوی سفیر مینوئیل دورآن نے کہا کہ آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی میں وزارت آئی ٹی کا کردار قابل ستائش ہے۔پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اور براڈ بینڈ سروسز نیٹ ورک میں تیزی سے ترقی کرتا ملک ہے۔سفیر نے کہا کہ پاکستانی ہنر مندوں اور یہاں کے دوستانہ ماحول کا ہمیشہ سے معترف رہا ہوں۔