اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے جمعرات کو وزارت داخلہ کی 2002 کی معافی کی پالیسی پر غور کرنے کے لیے بین الوزارتی کمیٹی کے ایک انتہائی اہم اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں وزارت قانون و انصاف، داخلہ، غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کے نمائندوں کے علاوہ ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب، ہوم ڈیپارٹمنٹ سندھ اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کے پی کے، کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران شرکاء نے معافی کی پالیسی 2002 کو بہتر بنانے کے لیے قانونی نقطہ نظر اور تجاویز پیش کیں۔
وزیر قانون نے حاضرین کو تحریری طور پر اپنی تجاویز پیش کرنے کی ترغیب دی اور انہیں کسی بھی سوال پر قانونی مدد کا یقین دلایا۔کمیٹی نے صوبائی سطح پر جیلوں میں اصلاحات کی ضرورت پر بھی بات کی۔
یہ نوٹ کیا گیا کہ اگرچہ سپریم کورٹ نے موجودہ پالیسی کے اندر درجہ بندی کے نظام کو برقرار رکھا ہے تاہم ایگزیکٹو کو پالیسی پر نظرثانی اور ترمیم سے منع نہیں کیا تاکہ اسے مزیدموثراور فائدہ مند بنایا جا سکے۔