
پشاور۔27مارچ (اے پی پی)وفاقی وزیر مذہبی امورا وربین المذاہب ہم آہنگی پیرنورالحق قادری نے کہاہے کہ وزارت مذہبی امور حجاج کرام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کےلئے کوشاں ہے ، حج ایک اہم فریضہ اور دین کے بنیادی ارکان میں سے ایک ہے ،حجاج کرام کےلئے علمی اور سفری معلومات کاحصول انتہائی ضروری ہے ،ہماراہدف ہے کہ ہرحاجی تربیتی ورکشاپ میں شرکت کرے اس سلسلے میں سوشل میڈیا بھی مددگارثابت ہوگا۔انہوں نے ان خیالات کااظہار بدھ کے روز مناسک حج کے سلسلے میں میڈیاآگاہی ورکشاپ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہاکہ حج کے بارے میں معلومات فراہم کرنے میں میڈیاکاکردار انتہائی اہم ہے اس سلسلے میں میڈیا کی تربیت کےلئے ایسے ورکشاپ منعقدکرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزارت مذہبی امور کی کوشش ہے کہ پرائیویٹ حج ٹورزآپریٹرز(ہوپ)کے ساتھ مل کراسی طرح تربیت یافتہ حجاج کرام سعودی عرب بھیجیں جس طرح دیگرممالک کے ہوتے ہیں جن کو تمام امور کا علم ہوتاہے، ہم نے فیصلہ کیاہے کہ اپنے حجاج کو تربیت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی حاجی سعودی عرب میں پاکستان کا سفیرہوتاہے لہذاان کومناسک حج سے واقف ہوناضروری ہے ۔انہوں نے کہاکہ معتبرعلمائے کرام کی رہنمائی میں حجاج کی تربیت اور مناسک حج کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے کےلئے ورکشاپس کاانعقادکیاجارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ اپریل کے اوائل میں سعودی عرب کے وزارت حج کا اعلیٰ وفدپاکستان آئے گا جس کے ساتھ پاکستانی حجاج کوفراہم کردہ سہولیات کومزید بہتربنانے پربات چیت ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ سعودی عرب میں ٹیکسوں میں اضافے اورروپے کی قدرمیں کمی کی وجہ سے حج اخراجات میں اضافہ ہوا۔انہوں نے کہاکہ سرکاری سکیم کے تحت95فیصدحجاج کو مدینہ منورہ میں حرم کے نزدیک مرکزیہ میں قیام کی سہولت دی جائیگی۔