وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی مخدوم خسرو بختیار کا ایوان بالامیں جواب

63

اسلام آباد ۔ 6 مارچ (اے پی پی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان خصوصی اقتصادی زون بنانے کے لئے پرعزم ہیں، اقتصادی زونز میں تمام سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ بدھ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر مشتاق احمد اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں خصوصی اقتصادی زونز بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں جہاں پر سرمایہ کار اپنی سرمایہ کاری کر سکیں گے اور خصوصی اقتصادی زونز تمام سرمایہ کاروں کے لئے کھلے رہیں گے جہاں پر انہیں بھرپور مواقع حاصل ہوں گے۔ چین کی عالمی تجارت 4 کھرب 20 ارب ڈالر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے گوادر میں بجلی کے منصوبے کو مکمل کیا ہے، اگلے ماہ اس کے ٹیرف کو بھی حتمی شکل دے دی جائے گی۔ خصوصی اقتصادی زونز میں بجلی اور گیس کی ضرورت ہوتی ہے اس پر ہم کام کر رہے ہیں۔