وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار کی ”اے پی پی“ سے گفتگو

168

اسلام آباد ۔ 21 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں کے ازالہ کےلئے تحریک انصاف اہم اقدامات کررہی ہے، جنوبی پنجاب کے عوام کو دیگر ملک کے شہریوں کے مساوی سہولیات کی فراہمی کے لئے بڑے پیکج کا اعلان کیا جائے گا۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں ”اے پی پی“سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو جنوبی پنجاب کے عوام نے بھرپور مینڈیٹ کے ساتھ اپنے حق کےلئے پارلیمنٹ میں بھجوایا ہے، ہم جنوبی پنجاب کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں کاازالہ کریں گے، تعلیم، صحت اور روزگار کے خصوصی منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت جلد جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے بڑے منصوبے کا اعلان کرے گی۔