اسلام آباد ۔ 20 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات پروفیسر احسن اقبال نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ عالمی رجحانات سے مقابلہ کیلئے اعلیٰ تعلیم کیلئے سٹریٹجک فریم ورک 2025ءتشکیل دے۔ وہ منگل کو یہاں ملک میں اعلیٰ تعلیمی منصوبوں کے جائزہ کے حوالہ سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ دنیا میں ٹیکنالوجی اور ترقی میں تیز رفتاری سے ہونے والی تبدیلیوں کے تناظر میں پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ ان تبدیلیوں کا مقابلہ کر سکیں، اس کیلئے حکومت نے جس طرح وژن 2025ءمتعارف کرایا ہے اسی طرح اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں بھی نیا وژن متعارف کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سٹرٹیجک فریم ورک 2025ءآئندہ 10 سال کیلئے اعلیٰ تعلیم کے اہداف اور سمت کو مدنظر رکھ کر بنایا جائے اور اس ضمن میں اعلیٰ تعلیم کے پائے کے لوگوں کی خدمات حاصل کی جائیں۔ یہ سٹرٹیجک فریم ورک اعلیٰ تعلیم کے پانچ سالہ اور دیگر قلیل المدت منصوبوں کیلئے رہنمائی فراہم کرے گا۔ احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کیلئے کئی بڑے منصوبے منظور کئے ہیں، اڑھائی سال میں اعلیٰ تعلیم کا بجٹ دوگنا کیا ہے۔