وفاقی وزیرن احسن اقبال کا پمز ہسپتال کے 200 بستروں پر مشتمل نئے تعمیر شدہ ایمرجنسی بلاک کا دورہ

17

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے بدھ کو پمز ہسپتال کے نئے تعمیر شدہ 200 بستروں پر مشتمل ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا۔ بلاک تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جس کا افتتاح جلد وزیراعظم پاکستان کریں گے۔ دورے کے دوران وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر دو سو بستروں پر مشتمل یہ ہسپتال شہریوں کے لیے ایمرجنسی کیئر میں اہم کردار ادا کرے گا، اس نئے ایمرجنسی ٹاور میں روزانہ 10,000 مریضوں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس جدید بلاک میں ایمرجنسی علاج کی جدید ترین سہولیات میسر ہوں گی جو وفاقی سطح پر صحت عامہ کے شعبے میں ایک نمایاں سنگ میل ثابت ہوں گی۔

احسن اقبال نے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا جن میں ٹراما کیئر یونٹس، سرجیکل تھیٹرز، تشخیصی خدمات اور انتہائی نگہداشت کی صلاحیتیں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ٹاور میں تمام اقسام کی ایمرجنسیز کا ایک ہی جگہ پر علاج ممکن بنایا گیا ہے، کسی بھی حادثے یا ایمرجنسی میں متاثرہ مریضوں کی حالت، شدت، امید صحت یابی اور دستیاب وسائل کی بنیاد پر ترجیحی بنیادوں پر علاج ممکن بنایا جائے گا۔اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے، یہ منصوبہ ہماری جانب سے کریٹیکل کیئر سروسز میں مسلسل سرمایہ کاری کا مظہر ہے۔ انہوں نے پمز کو وفاقی دارالحکومت کا مرکزی ہسپتال قرار دیتے ہوئے کہا کہ

اس کی توسیع سے مریضوں کے بڑھتے ہوئے دبائو کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور موجودہ ایمرجنسی رومز پر بوجھ میں کمی آئے گی۔اپنے اچانک دورے کے حوالے سے احسن اقبال نے کہاکہ آج کے میرے دورے کا مقصد ذاتی طور پر منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لینا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ تمام سطحوں پر بروقت اقدامات کیے جا رہے ہیں اور یہ منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل ہو کر عوام کے لیے کھولا جا سکے۔