ویمنز ورلڈ کپ، پاکستان نے اپنے دوسرے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش کو 7رنز سے ہرا دیا

72
ویمنز ورلڈ کپ، پاکستان نے اپنے دوسرے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش کو 7رنز سے ہرا دیا

لنکن۔2مارچ (اے پی پی):آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ، پاکستان نے اپنے دوسرے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش کو7رنز سے ہرا دیا۔میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت ہوا ۔

بدھ کو لنکن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی خواتین ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 42 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بناکر حریف بنگلہ دیش کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 200 رنز کا ہدف دیا۔عالیہ ریاض نے ناقابل شکست 45 رنز کی اننگز کھیلی، جویریہ خان 44، بسمہ معروف 32 اور فاطمہ ثنا29 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بلے باز رہیں۔

بنگلہ دیش ویمنز کی طرف سے فریحہ اور ریتو مونی نے تین، تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 41.2 اوورز میں 194 رنز بناسکی۔ بنگلہ دیشی خواتین ٹیم کی طرف سے فرغانہ حق نے 71 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح یاب نہ کراسکیں۔ رومانہ احمد 30 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بلے باز رہیں۔

پاکستان ویمنز کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے فاطمہ ثنا نے چار جبکہ نشرا سندھو نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ پاکستان کی خواتین ٹیم نے اپنے پہلے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔