اسلام آباد ۔ 30 جنوری (اے پی پی) رواں مالی سال 2018-19ءکی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر)کے دوران مختلف کمپنیوں ہینو، نسان، ماسٹر، اسوزو کے ٹرکوں کی پیداوار میں 16.90 فیصد کمی جبکہ فروخت میں 24.15 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ پاکستان آٹو موٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن ( پاما) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال 2017-18ءکی پہلی ششماہی جولائی تا دسمبر کے دوران مختلف کمپنیوں کے ٹرکوں کی پیداوار 4514 یونٹس رہی جو رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران کم ہو کر 3751 یونٹس تک پہنچ گئی۔ اس طرح گزشتہ مالی سال 2017-18ءکی پہلی ششماہی کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران مختلف کمپنیوں کے ٹرکوں کی پیداوار میں 763 یونٹس یعنی 16.90 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی۔ پاما کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال 2017-18ءکی پہلی ششماہی جولائی تا دسمبر کے دوران مختلف کمپنیوں کے ٹرکوں کی فروخت 4252 یونٹس رہی جو رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران کم ہو کر 3225 یونٹس تک پہنچ گئی۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے مقابلہ میں رواں مالی کے دوران اسی عرصہ کے دوران مختلف کمپنیوں کے ٹرکوں کی فروخت میں 1024 یونٹس یعنی 24.15 فیصد کمی واقع ہوئی ۔