پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن (پی ایس ایف) کا سال 2019ءکےلئے 12 ایونٹس کے شیڈول کا اعلان

اسلام آباد ۔ 30 جنوری (اے پی پی) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن (پی ایس ایف) نے سال 2019ءکےلئے 12 ایونٹس کے شیڈول کا اعلان کر دیا، تمام ایونٹس جنوری سے دسمبر 2019ءکے دوران کھیلے جائیں گے۔ ان ایونٹس میں 2 بین الاقوامی اور 10 قومی ایونٹس شامل ہیں۔ پی ایس ایف کے سیکرٹری سید اظہر علی شاہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ 22 سے 28 اپریل تک ازبکستان میں کھیلی جائے گی جس میں پاکستان اپنی بھر پور نمائندگی کرے گا۔ قومی روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ مینز اینڈ ویمنز مارچ میں کھیلی جائے گی۔ انٹرڈیپارٹمنٹ روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ مارچ میں اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ ٹور دی گلیات قومی سائیکلنگ ریس جون میں، کوئٹہ ٹو زیارت قومی سائیکلنگ ریس جولائی، سائیکلنگ کوچنگ کورس جولائی اسلام آباد میں ، قومی روڈ سائیکلنگ ریس اگست میں کراچی میں، 65 ویں قومی مینز اینڈ ویمنز ٹریک سائیکلنگ چیمپئن شپ میں اکتوبر لاہور میں، ٹور دی گلیات قومی سائیکلنگ ریس نومبر، اسلام آباد سے مری قومی روڈ سائیکلنگ ریس نومبر جبکہ بین الصوبائی ٹریک سائیکلگ چیمپئن شپ دسمبر میں لاہور میں کھیلی جائے گی۔ قبل ازیں ایشین ٹریک سائیکلنگ چیمپئن شپ 8 سے 13 جنوری تک انڈونیشیا میں کھیلی جا چکی ہے۔ ان تمام ایونٹس کی منظوری پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کی جنرل کونسل نے دی ہے۔