"گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کراچی میں رینجرز کیمپ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔”
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی کراچی میں دہشت گردوں کے حملے کی مذمت، سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

مزید خبریں
پشاور۔ 28 جون (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کراچی میں رینجرز کے کیمپ پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ الرٹ اور بہادر سکیورٹی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہندوستانی سرپرستی کے حامل دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے اور حملہ آوروں کو انجام تک پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن، استحکام اور معاشی مرکز کراچی کو نشانہ بنانے کی ہر سازش ناکام ہو گی۔دشمن عناصر دہشت گردی کے ذریعے پاکستان کی ترقی، معاشی سرگرمیوں اور علاقائی روابط کو نقصان پہنچانے کے اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے دہشت گردی کی ہر شکل کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اور ان کے سہولت کار قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ پوری قوم اپنی بہادر افواج، رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔







