سعودی عرب کا سوڈان کے اتحاد اور سیاسی حل کی حمایت کا اعادہ

"سعودی عرب نے سوڈان میں جنگ بندی، استحکام، علاقائی سالمیت اور ریاستی اداروں کے تحفظ کے لیے اپنی بھرپور حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔”

اقوام متحدہ۔28جون (اے پی پی):سعودی عرب نے سوڈان میں استحکام، جنگ بندی کو یقینی بنانے، علاقائی سالمیت اور ریاستی اداروں کے تحفظ کے لیے حمایت کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ایس پی اے کے مطابق اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل نمائندے عبدا لعزیز الواصل نے سوڈان کے بارے میں سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران سوڈان کی قیادت میں بحران کے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ جاری تنازعات، بگڑتی ہوئی سلامتی کی صورتحال، جدہ اعلامیے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد میں ناکامی سے سوڈان میں انسانی بحران بڑھ رہا ہے۔انہوں نے جدہ اعلامیے کی بنیاد پر سیاسی مذاکرت کو دوبارہ شروع کرنے اور تنازع کے خاتمے کے لیے سوڈانی فریقین کو ساتھ لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔سعودی مندوب نے انسانی امداد کے قافلوں کو نشانہ بنانے اور الفاشر شہر میں کیے جانے والے جرائم کی مذمت کی اور جاری تنازع کے انسانی نقصانات پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے سوڈان کے اتحاد یا ریاستی اداروں کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی اقدام کو مسترد کرنے کا اعادہ کیا۔ مستقل جنگ بندی کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کا خیرمقدم کیا ۔انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے سوڈانی عوام کے لیے انسانی امداد جاری رکھنے کا بھی عزم ظاہر کیا۔