ٹی ٹوئنٹی میں ہم نے بھارت کو ہرایاہے ایسا نہیں کہ یہاں ہم نہیں ہراسکتے۔بابراعظم

69
ٹی ٹوئنٹی میں ہم نے بھارت کو ہرایاہے ایسا نہیں کہ یہاں ہم نہیں ہراسکتے۔بابراعظم

کراچی۔ 13 اکتوبر (اے پی پی):قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی میں ہم نے بھارت کو ہرایاہے ایسا نہیں کہ ہم انہیں ورلڈ کپ میں نہیں ہراسکتے۔ آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023کے اسٹیڈیم احمد آباد میں ہفتہ کو ہونے والے سب سے بڑے پاک بھارت مقابلے سے قبل انہوں نے جمعہ کو احمدآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں پربڑے اسٹیڈیم کا دبائو نہیں، مجھے امید ہے حیدرآباد کی طرح یہاں بھی فینزکی سپورٹ ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بولرز کے پاس مارجن کم ہے، بولرزکو کہا ہے لائن اور لینتھ پرقابو رکھیں تاکہ بھارت کے ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں کو جلد آئوٹ کیا جاسکے، بھارت کے ٹاپ آرڈر کو کیسے آئوٹ کرنا ہے اس کے لئے پلان کررہے ہیں۔

پاکستان کی بولنگ لائن پر گفتگو کرتے بابراعظم کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ نے ایشیاکپ میں متاثرکن بولنگ کی ،ورلڈکپ میں ان کی کمی محسوس کررہے ہیں، شاہین آفریدی بڑے میچ کا بولر ہے، ایک دو میچز میں اوپر نیچے پرفارمنس ہوگئی اس کا مطلب یہ نہیں کہ سوالیہ نشان آگیا، یقین ہے کہ وہ کل کے میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اگر ورلڈ کپ جیتنا ہے تو فیلڈنگ بہتر ہونی چاہیے۔

بابر اعظم نے کہا ہے کہ ورلڈکپ میں اب تک اس طرح بیٹنگ نہیں کرسکا جیسے کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ میری ماضی کے ریکارڈز پر توجہ نہیں ہوتی اور میچ پر فوکس کرتا ہوں، کوشش ہوگی کہ کل کے میچ میں اچھی پرفارمنس دیں۔ انہوں نے کہا کہ بیٹسمین کی حیثیت سے بھارت کے بولرز کو اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے،کل میچ کا رزلٹ کیا ہوتا ہے اس کا نہیں معلوم، ہم پر اعتماد ہیں لیکن کبھی نہیں سوچا کہ بھارت کے خلاف میچ کی وجہ سے کپتانی چلے گی، مجھے ایک میچ کے لیے کپتانی نہیں ملی، قسمت میں ہوگا تو میں کپتانی کرتا رہوں گا۔