ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے سے معاشی استحکام کو فروغ ملے گااور موجودہ ٹیکس دہندگان پر بوجھ کم ہو گا، سیف الرحمان

6

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے آئندہ ٹیکس فری صوبائی بجٹ میں نئے ٹیکسز متعارف کرانے کی بجائے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

اتوار کو یہاں میاں اظہر شوکت کی قیادت میں تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے معاشی استحکام کو فروغ ملے گا، موجودہ ٹیکس دہندگان پر بوجھ کم ہو گا اور صوبے میں کاروبار ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دینا پائیدار حکمت عملی ہے جس سے ٹیکس دینے والے کاروباروں پر زیادہ بوجھ ڈالے بغیر محصولات کو بڑھایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کے اندر دستاویزات اور شفافیت کی حوصلہ افزائی کے ذریعے مالیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کی صوبائی حکومت کی حکمت عملی قابل ستائش ہے۔سیف الرحمان نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ٹیکس آگاہی مہمات میں سرمایہ کاری کرکے اس پالیسی پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس طرح کے اقدامات سے منصفانہ ٹیکس نظام کی تشکیل اور پنجاب کی معیشت کی طویل مدتی ترقی میں مدد ملے گی۔