ٹیکسٹائل پر فوکس کی بجائے ہمیں ایسی غیر روایتی مصنوعات کی برآمدات بڑھاناہوں گی جن کی یورپین یونین کو ضرورت ہے،ڈاکٹر خرم طارق

61
فیصل آبادچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری

فیصل آباد ۔ 09 اکتوبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے یورپین یونین کی طرف سے پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس کی سہولت کو مزید چار سال تک بڑھانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ یورپین ممالک اس بات کی اہمیت کو سمجھتے ہیں کہ ترقی پذیر ممالک کو ترجیحی مراعات ملنی چاہئیں تاکہ وہ اپنے بڑھتے ہوئے اندرونی مالی مسائل کو حل کرسکیں

لہٰذایہ پاکستانی برآمدکنندگان کیلئے بہترین موقع ہے اسلئے انہیں چاہئے کہ وہ اس توسیع سے فائدہ اٹھائیں اور صرف ٹیکسٹائل پر فوکس کرنے کی بجائے دیگر ایسی غیر روایتی مصنوعات کی برآمدات بھی بڑھائیں جن کی یورپین یونین کو ضرورت ہے تاکہ پاکستان ان کی برآمدات سے قیمتی زرمبادلہ حاصل کرسکے۔

اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو بھی اس سلسلہ میں ایسے شعبوں کی نشاندہی کرنی چاہیے جن میں فاضل پیداوار موجود ہے اور جن کو فوری طور پر برآمد کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے زرعی مصنوعات کی ویلیوایڈیشن اور برانڈنگ پر بھی زور دیا تاکہ مقامی کاشتکاروں کو ان کا بہتر معاوضہ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ یورپ میں دیسی ادویات تیزی سے مقبول ہورہی ہیں اسلئے پاکستان کو دیسی ادویات کی برآمد کا بھی جائزہ لیناچاہیے تاہم اس سلسلہ میں یورپی معیارات کو ہر حال میں برقرار رکھنا ہوگا۔