اسلام آباد ۔ 10 جولائی (اے پی پی) پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک کا اجلاس بدھ کو قومی زرعی ترقیاتی مرکز میں ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق صاحبزادہ محبوب سلطان اور وفاقی سیکرٹری غذائی تحفظ و تحقیق نے شرکت کی۔ اس موقع پر چین کے ساتھ زراعت میں تعاون کے امکانات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہا کہ پاکستان میں زراعت کی ترقی میں چین کی جدید تکنیکی معاونت اہم ہے جس سے زرعی چیلنجز کا مقابلہ احسن طریقہ سے کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے زرعی شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں۔ کمیٹی کے اراکین نے زرعی ترقیاتی مرکز کے مختلف شعبوں میں ہونے والی تحقیقی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔