کوئٹہ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی):پانچ رکنی تھیٹر گروپ انٹرنیشنل فیسٹول میں بلوچستان کی نمائندگی کرنے کیلئے ایرانی شہر زنجان روانہ ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ایرانی شہر زنجان میں منعقدہ دوسری عالمی پینٹومائم فیسٹول میں پہلی بار پانچ رکنی فنکاروں پر مشتمل گروپ بلوچستان کی نمائندگی کرنے کیلئے ایران روانہ ہو گیا ہے۔
عالمی فیسٹول کا انعقاد 9 سے 14 اکتوبر تک ایران کے شہر زنجان میں ہوگا گروپ کی روانگی کے موقع پر گروپ کے سربراہ اے ڈی بلوچ اور بلوچستان کے معروف فنکارعمرفاروق نے کوئٹہ میں ایران خانہ فرہنگ کے ڈائریکٹر جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کی کوششوں کی بدولت بلوچستان سے پہلی بار فنکاروں کا گروپ اس اہم عالمی فیسٹول میں پرفارم کرنے جارہا ہے جس سے صوبے میں موجود ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے متعارف کرنے کا سنہری موقع ملے گا۔
اس موقع پر کوئٹہ میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے خانہ فرہنگ کے ڈائریکٹر جنرل سید ابوالحسن میری کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سینما، تھیٹر اور ہر شعبے میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہے جس کو دنیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے صوبے کے حقیقی چہرے کو اجاگر کیا جاسکتا ہے اور دونوں ملکوں کے ثقافتی تعلقات کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ ان کا کہا کہ یہ فیسٹول بلوچستان کے فنکاروں کو بہت کچھ سیکھنے اور دیکھنے کا موقع مہیا کرکے تھیٹر کے حوالے سے تعاون کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔