ننکانہ صاحب ۔ 18 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ و ڈسٹرکٹ ڈیزاسڑ مینجمنٹ اتھارٹی کا اجلاس ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شہرینہ غلام مرتضی جونیجو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رائے ذوالفقار علی، اسسٹنٹ کمشنرز، سی او ہیلتھ ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر سیکرٹری ڈسٹرکٹ ایمر جنسی بورڈ نے ممکنہ سیلاب سے بچاؤکے پیشگی انتظامات، جنگلات کو آگ سے بچاؤکے حفاظتی اقدامات، ماہانہ ایمرجنسی رپورٹ ، پی ڈی ایم اے کی جانب سے پانی کے ضیاع سے بچاؤ اور دیگر امور سے متعلق آگہی کی فراہمی سے متعلق ایجنڈا پیش کیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے محکموں سے متعلق فلڈ کینٹی جینسی پلان مارچ کے پہلے ہفتے تک ڈی سی آفس میں جمع کروائیں۔انہوں نے کہا کہ پانی کے ضیاع کی روک تھام سے متعلق آگاہی مہم کو موثر انداز میں چلایا جائے تاکہ پانی کے ذخیرہ کو محفوظ کیا جاسکے۔