اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس عالمگیر نے سینیگال کی ڈاکار بندرگاہ کا خیر سگالی دورہ کیا جہاں آمد پر پاکستانی جہاز کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مشن کمانڈر نے سینیگال کے وزیر دفاع اور مسلح افواج کے سربراہان سے اہم ملاقاتیں کیں اورباہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا ۔
ترجمان کے مطابق پاک بحریہ نے کورونا سے بچائو کے حفاظتی اقدامات کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈاکار میں میڈیکل کیمپ کا بھی انعقاد کیا، میڈیکل کیمپ میں 2000 سے زائد مریضوں کو علاج اور ادویات کی سہولتیں فراہم کی گئیں۔
سینیگال کے عوام نے پاک بحریہ کے میڈیکل کیمپ کے انعقاد کو بڑے پیمانے پر سراہا اور پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ دورے کے آخر میں دونوں ممالک کے بحری جہازوں نے مشترکہ مشق میں بھی حصہ لیا۔ دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات اور انسانی ہمدردی کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔