پاک بحریہ کے نئے کمیشنڈ جہاز تیمور کا نیول بیس لومٹ، ملائیشیا کا دورہ

145

اسلام آباد۔6اگست (اے پی پی):پاک بحریہ کے نئے کمیشنڈ جہاز تیمور نے ہفتے کے روز چین سے پاکستان واپسی کے دوران نیول بیس لومٹ، ملائیشیا کا دورہ کیا اور دو طرفہ بحری مشق میں شرکت کی۔بندرگاہ پہنچنے پر پاک بحریہ کے جہاز کا استقبال کوالالمپور میں پاکستان کے دفاعی اتاشی کمانڈر ناصر محمود اور رائل ملائیشین نیوی کے اعلی حکام نے کیا۔

پاک بحریہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر ملائیشیا کے ملٹری بینڈ نے استقبالیہ دھنیں بجائیں۔پی این ایس تیمور کے اس دورے میں بندرگاہ اور سمندری مراحل شامل تھے۔ ہاربر فیز ٹیبل میں پیشہ ورانہ امور اور عسکری قیادت کے ساتھ دوطرفہ تعاون پر بات چیت ہوئی۔

دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھانے کے لیے دو طرفہ بحری مشق مالپک-IV کا بھی انعقاد کیا گیا۔بندرگاہ کے دورے کے دوران کمانڈنگ آفیسر پی این ایس تیمور کیپٹن یاسر طاہر نے ملائشی کی بحریہ کے ڈپٹی ویسٹرن فلیٹ کمانڈر اور سلطان ادریس سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر پاک بحریہ کے جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی طرف سے ملائیشیا کے عوام اور بالخصوص ملائیشین نیوی کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔کوالالمپور میں رائل ملائشین نیوی اور سفارتی کور کے افسران نے پی این ایس تیمور کا دورہ کیا۔مہمانوں کو بحر ہند کے علاقے میں ریجنل میری ٹائم سیکورٹی پٹرول کے پاک بحریہ کے اقدام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

پاک بحریہ افسران نے رائل ملائشین نیوی کی تربیتی سہولیات اور ملائشیا کے بحری جہاز کے ڈی جی ای بی اے ٹی کا بھی دورہ کیا۔ پاک بحریہ کے جہاز کے دورہ ملائیشیا اور بحری مشقوں میں شرکت نے دونوں دوست ممالک کو موجودہ قریبی سفارتی تعلقات اور خوشگوار تعلقات کو مزید فروغ دینے کا موقع فراہم کیا۔