پاک سعودی عرب معاہدے پاکستان کی معیشت کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے،خواجہ یاسر قیوم

151

سرگودھا۔ 04 نومبر (اے پی پی):صدر سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواجہ یاسر قیوم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے اہم معاہدوں کو پاکستان کی معیشت کے لیے سنگ میل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان معاہدوں سے ملک میں ترقیاتی منصوبے، روزگار کے مواقع اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔

خاص طور پر توانائی، زراعت، اور آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری سے پاکستان کی صنعتی ترقی میں نمایاں تبدیلیاں آئیں گی۔خواجہ یاسر قیوم نے مزید کہا کہ یہ معاہدے مقامی کاروباری برادری کو عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے کے ساتھ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ سرگودھا چیمبر نے حکومت کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا تاکہ ان معاہدات سے حاصل ہونے والے مواقع کو پوری طرح سے استعمال میں لایا جا سکے۔