پاک سعودی وزراء خارجہ کا دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور اعلیٰ سطح کے تبادلوں میں اضافہ کی موجودہ سطح کو برقرار رکھنے پر اتفاق

59

اسلام آباد۔28مارچ (اے پی پی):پاک سعودی وزراء خارجہ نے دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور اعلی سطح کے تبادلوں میں اضافے کی موجودہ سطح کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اتوار کو اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔بات چیت کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے مابین اختلافات کو حل کرنے اور پر امن مذاکرات و سفارتکاری کے ذریعے یمن تنازعہ کے حل کیلئے سعودی عرب کے حالیہ اقدامات کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے خطے میں امن ، سلامتی اور خوشحالی کے لئے سعودی کوششوں کی مسلسل حمایت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے مملکت سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ جبکہ سعودی وزیر خارجہ نے مملکت سعودی عرب کے لئے پاکستان کی مستقل اور مسلسل حمایت کا اعتراف کیا۔وزیر خارجہ نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعلان کردہ "سعودی گرین اقدام” اور "گرین مشرق وسطی اقدام” کو سراہتے ہوئے اسے عالمی سطح پر کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے لئے ایک اہم اقدام قرار دیا جبکہ سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان میں اسی شعبہ میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پہلے ہی اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کیساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ کثیرالجہتی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو سراہتے ہوئے وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ یہ باہمی تعاون اور شراکت مستقبل مزید مستحکم ہوگی۔ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لئے تیار ہے۔