پاک فضائیہ ملک کا فخر ہے ،مادر وطن کے دفاع کیلئے ہر موقع پر اپنی شاندار میراث کو زندہ رکھنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہتی ہے، صدر مملکت

152

اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 1965 کی جنگ کے دوران بھارتی جارحیت کے خلاف مادر وطن کا کامیاب دفاع کرنے والے ہیروز اور شہداء کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ ملک کا فخر ہے اور مادر وطن کے دفاع کے لیے ہر موقع پر اپنی شاندار میراث کو زندہ رکھنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔

پاکستان ایئر فورس ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ 7 ستمبر کو ملک بھر میں "یوم پاکستان ایئر فورس” کے طور پر منایا جاتا ہے جس میں پاک فضائیہ کے ان ہیروز اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے جنہوں نے جرات اور بہادری سے مادر وطن، اس کی سرحدوں اور فضائی حدود کا دفاع کیا اور 1965 میں پاک بھارت جنگ کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی گنا بڑے حملہ آور کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے پائلٹس نے نہ صرف بھارتی جارحانہ عزائم کو شکست دی بلکہ بے مثال مہارت اور جرات کا مظاہرہ کیا اور جنگ کے دوران مکمل فضائی برتری حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ اس دن ہم اپنے پائلٹوں کی مہارت اور صلاحیتوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں، خاص طور پر غیر معمولی پائلٹ ایم ایم عالم، جنہوں نے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں پانچ ہندوستانی طیاروں کو مار گرایا تھا۔

عارف علوی نے کہا کہ پاک فضائیہ ملک کا فخر ہے اور مادر وطن کے دفاع کے لیے ہر موقع پر اپنی شاندار میراث کو زندہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران پی اے ایف جدید ترین ٹیکنالوجیز سے آراستہ ایک جدید ہائی ٹیک ایئر فورس بن چکی ہے اور قوم سازی کی کوششوں، خاص طور پر ایرو اسپیس، آئی ٹی، صحت، تعلیم اور کھیل کے شعبوں میں بامعنی طور پر اپنا حصہ ڈال رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پی اے ایف کو قدرتی آفات جیسے وبائی امراض، سیلاب اور زلزلوں کے دوران اپنے ہم وطنوں کی مدد کے لیے سب سے آگے پاتے ہیں۔ ملک بھر میں اس وقت آنے والے سپر فلڈ کے دوران متاثرین کی امداد میں پی اے ایف کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ قومی فخر کے اس دن پی اے ایف ایک بار پھر اپنے عہد کی تجدید کرے گی کہ وہ حب الوطنی اور اتحاد کے 1965 والے جذبے کے ساتھ پاکستان کے دفاع، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی کوششوں کو بڑھائے گی۔