پاک فضائیہ کی خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے متاثرینِ سیلاب کے لیے امدادی کارروائیاں اور ڈیزاسٹر ریلیف آپریشنز

154

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):پاک فضائیہ کا خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین کی بحالی اور ریسکیو کے لیئے ڈیزاسٹر ریلیف آپریشن اور امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔ ایئر ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد میں قائم کردہ نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سنٹر (این آئی آئی اے او سی) تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ شبانہ روز متاثرینِ سیلاب کی امداد اور بحالی کے عمل میں معاونت کر رہا ہے۔

مذکورہ سینٹر متاثرین کی بحالی کے لیئے سول انتظامیہ کو ہر ممکن مدد بھی فراہم کر رہا ہے۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کا ہیلی کاپٹر فلیٹ ان علاقوں میں متاثرہ افراد کو ریسکیو کرنے اور لازمی اشیائے ضروریہ پہنچانے میں مصروفِ عمل ہے جن کا زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے۔پاک فضائیہ نے سیلاب زدگان کی بحالی اور امداد کی فراہمی کے لیئے "پاکستان ایئر فورس فلڈ ریلیف فنڈ” بھی قائم کیا ہے۔ سیلاب متاثرین کے لیئے عطیات الائیڈ بینک کے اکاؤنٹ نمبر PK85ABPA0010099183680023، عسکری بینک کے اکاونٹ نمبر PK96ASCM0003851650000097، بینک اسلامی کے اکاؤنٹ نمبر K38BKIP0310000096360001، جبکہ حبیب بینک کے اکاؤنٹ نمبر PK09HABB0022997001211801 میں جمع کروائے جاسکتے ہیں۔