پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی ملک کی مجموعی داخلی سکیورٹی صورتحال اور دیگر امور سے متعلق میڈیا کو بریفنگ

148

اسلام آباد ۔ 6 دسمبر (اے پی پی) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ امریکا افغانستان سے خطے کا دوست بن کر نکلے تو پاکستان ،افغانستان اور خطے سب کے مفاد میں ہوگا، پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) ایسی حد عبور نہ کرے کہ پھر ریاست کو اپنی رِٹ قائم کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے پڑیں،افواج پاکستان اس ملک کی فوج ہے،اس کا تعلق ایک پارٹی، بندے یا ایک صوبے سے نہیں، ہم حکومت کا ادارہ ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ کسی اور کی جنگ دوبارہ نہیں لڑیں گے، یہ جنگ ہم پر مسلط کی گئی تھی، سرحد پار سے ٹی ٹی پی داخل ہوئی پھر اسے اپنی جنگ سمجھ کر لڑا، اب کسی اور کی جنگ نہ لڑنے سے مراد ہے کہ اپنی طرف سے ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد عناصر کا صفایا کردیا، اب ہم اپنی سرحد کو مضبوط بنارہے ہیں، اب اس مقام پر پہنچ گئے ہیں کہ افغانستان کی جنگ پاکستان میں نہیں لڑیں گے، ہم نازک وقت سے اس مقام پر آگئے ہیں، جسے واٹر شیڈ کہتے ہیں، آج ہم اُس واٹر شیڈ پر کھڑے ہیں، جہاں سے آگے نازک وقت نہیں، یا بہت اچھا وقت ہے یا پھر نازک وقت سے خراب وقت ہے۔وہ جمعرات کو آئی ایس پی آر ڈائریکٹوریٹ میں ملک کی مجموعی داخلی سکیورٹی صورتحال اور دیگر امور سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات میں بتدریج کمی آرہی ہے اور وقت قریب ہے کہ ہم مکمل امن کی طرف چلیں گے۔آپریشن رد الفساد کے دوران ملک بھر میں کی گئی کارروائیوں کے اعداد وشمار بتاتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن رد الفساد کے تحت 44 بڑے آپریشن کیے گئے جس کے دوران ملک سے 32 ہزار سے زائد ہتھیار ریکور کیے گئے۔میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں بہت کمی واقع ہوئی ہے اور وہاں فراری ہتھیار ڈال رہے ہیں،پہاڑوں پر بیٹھے ہوئے دیگر فراری بھی آئیں ،ہتھیار ڈالیں اور بلوچستان کی ترقی میں شامل ہوجائیں ۔