
راولپنڈی/بہاولپور ۔ 9 جنوری (اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بہاولپور کور کی سرمائی تربیتی مشقوں کے دوران فارمیشنز کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کسی قسم کے خطرات کے پیش نظر کور کی پیشہ وارانہ دفاعی اور آپریشنل صلاحیتوں کا مظاہرہ دیکھا۔ بعد ازاں چیف آف آرمی سٹاف نے مشرقی بارڈر کے ساتھ فورٹ عباس سیکٹر میں انفنٹری فارمیشن کی پوزیشن کا بھی جائزہ لیا جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ معیار کی تربیت، تیاریوں اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہا۔ آرمی چیف نے جوانوں سے ملتے ہوئے ان کے بلند حوصلوں اور جذبوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند اور امن سے پیار کرنے والا ملک ہے اور بابائے قوم کے نظریہ کے مطابق سرحدوں کے آرپار بھی امن کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہارت یافتہ، جدید ہتھیاروں سے لیس اور باصلاحیت فوج جنگ کو روکنے اور امن کی ضامن ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک آرمی ایک ایسی فورس ہے جو دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے اپنے تجربہ اور جنگی صلاحیتوں کی وجہ سے ممتاز حیثیت رکھتی ہے۔ اس موقع پر کور کمانڈر بہاولپور اور انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن بھی چیف آف آرمی سٹاف کے ہمراہ تھے۔