پاک-کرغزستان تجارتی و اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے دوطرفہ معاہدوں پر عمل درآمد میں پرعزم ہے، وفاقی وزیر احدخان چیمہ

102
Ahad Khan Cheema
Ahad Khan Cheema

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور احدخان چیمہ نے پاکستان اوروسط ایشیائی ریاست کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تجارت اوراقتصادی تعلقات کے فروغ کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے کہاہے کہ باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے پاکستان دوطرفہ معاہدوں پر عمل درآمد میں پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ یہاں کرغزستان کے وزیرخزانہ دانیارا منگلدیوف کی قیادت میں کرغز وفد سے ملاقات میں کہی، یہ ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کی کونسل کے اجلاس کے موقع پرہوئی ہے جس سے پاکستان اورکرغزستان کے درمیان جاری دوستی اور شراکت داری کی عکاسی ہو رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے شنگھائی تعاون تنظیم کی 23 ویں سربراہان کونسل کے اجلاس میں کرغز وفد کی شرکت کو سراہا۔ اجلاس میں فریقین نے تجارت میں اضافے کی اہمیت سے اتفاق کیا جو اس وقت 8.63 ملین ڈالر ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ مالی سال 2023 میں پاکستان کی کرغزستان کوبرآمدات کاحجم 3.33 ملین ڈالر اور درآمدات کا 5.3 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیاہے جس میں اضافہ ضروری ہے۔ انہوں نے ان اعداد و شمار کو بڑھانے اور موجودہ تجارتی عدم توازن کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وفاقی وزیرنے نومبر 2023 میں ہونے والے پاک-کرغز بین الحکومتی کمیشن کے چوتھے اجلاس کے مثبت نتائج کی تصدیق کی اور پاکستان کی جانب سے ان معاہدوں پر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں تجارت، زراعت، توانائی، کان کنی، ڈیجیٹل ترقی، سیاحت، صحت، بینکنگ اور تعلیم جیسے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون پر بھی گفتگو کی گئی۔ احمد چیمہ نے زراعت اور تجارت جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے اسلام آباد میں ہونے والے آئندہ پانچویں اجلاس کی میزبانی کی خواہش کا اظہار کیا اور اس طریقہ کار کے ذریعے تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کو دہرایا۔

ملاقات کا ایک اور اہم پہلو ‘ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ’ اور زراعت اور تجارت میں تعاون کے لیے متعلقہ مفاہمت کی یادداشتوں کی تکمیل پر توجہ مرکوز کرنا تھا۔وفاقی وزیرنے کہاکہ پاکستان اورکرغزستان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے اوراس ضمن میں باہمی تجارت کے حقیقی استعداد سے فوائد کیلئے مل کرکام کرنا چاہیے۔