اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور کوریا کے درمیان ثقافتی تبادلوں اورباہمی تعلقات کے فروغ کے تناظر میں پاک کوریا کلچرل گالا کا اہتمام کیا گیا۔وزارت اطلاعات و نشریات ،وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پاکستان میں کوریا کے سفارت خانے نے اس ثقافتی میلے کا اہتمام کیا تھا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ،چیئر مین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان،وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر بدر شہباز اور کوریا کے سفیر موجود تھے۔کلچرل گالا کے دوران دونوں ممالک کے فنکاروں نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا۔پاکستانی فنکاروں بلال سعید ،نتاشہ بیگ ،عزیر جسوال اور خماریاں میوزک بینڈ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا جبکہ کوریا کی جانب سے ککی وانگ تیکوانڈو ٹیم اور دیگر فنکاروں کی پرفارمنس نے کلچرل گالا کو چار چاند لگا دئیے۔حاضرین فنکاروں کی پرفارمنس سے بھرپور محظوظ ہوئے اور دل کھول کر داد دی۔کلچرل گالا میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔