پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشن کے آئندہ وزارتی اجلاس کی تیاری بارے اجلاس کی میزبانی کرے گا

163
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے "عوام کے حق خود ارادیت کے عالمی حصول"سے متعلق پاکستان کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):پاکستان 30 اور31 اگست کو اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے آئندہ اجلاس کی تیاری کے اجلاس کی میزبانی کرے گا جس کا موضوع ”اقوام متحدہ کے امن دستوں کی حفاظت اور سلامتی“ ہے۔ جاپان اس اجلاس کا شریک میزبان ہے جو پاکستان کے سب سے بڑے تربیتی ادارے سینٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ سٹیبلیٹی (سی آئی پی ایس) میں منعقد ہو رہا ہے جو دنیا بھر سے اقوام متحدہ کے امن دستوں کو کورسز، ورکشاپس اور سیمینارز پیش کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ اور وزیر دفاع اجلاس سے خطاب کریں گے۔اجلاس میں 156 ممالک پر مشتمل اقوام متحدہ کی خصوصی کمیٹی برائے پیس کیپنگ آپریشنز میں نمائندگی کرنے والے رکن ممالک کے علاوہ مقامی اور بین الاقوامی ماہرین شرکت کریں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹریٹ کے سینئر حکام بشمول انڈر سیکرٹری جنرل فار پیس آپریشنز، انڈر سیکرٹری جنرل برائے آپریشنل سپورٹ، اور یو این پولیس ایڈوائزر بھی اجلاس میں شریک ہونگے۔

دو روزہ اجلاس کے دوران مختلف ذیلی موضوعات پر پینل ڈسکشنز منعقد کی جائیں گی جن میں صلاحیت سازی کی ضروریات، بین الاقوامی قانون کے نقطہ نظر سے اقوام متحدہ کے امن فوجیوں کی حفاظت ، اقوام متحدہ کے امن مشن کی طبی صلاحیت کو بڑھانے کے علاوہ ٹیکنالوجی اور سٹریٹجک مواصلات سے فائدہ اٹھانے پر غور کرنا شامل ہے۔ اجلاس میں دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈیز) سے لاحق خطرات پر ماہرانہ گفتگو اور بریفنگ بھی دی جائے گی۔

بیان کے مطابق پاکستان پالیسی اور آپریشنل دونوں سطحوں پر اقوام متحدہ کی امن فوج میں ایک اہم کردار ادا کررہا ہے ۔ پاکستان کا شمار اقوام متحدہ کی امن فوج کو سب سے زیادہ فوجی دینے والے ممالک میں ہوتا ہے، پاکستان 1960 سے لے کر اب تک دنیا کے تقریباً تمام براعظموں میں اقوام متحدہ کے 46 امن مشنوں میں دو لاکھ 30 ہزار سے زیادہ مرد اور خواتین کا حصہ ڈال چکا ہے، پاکستان کے 172 امن فوجیوں نے فرض کی ادائیگی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے لازوال قربانیاں دیں۔

ترجمان کے بیان کے مطابق پاکستان کی جانب سے تیاری کے اجلاس کی میزبانی اقوام متحدہ کے امن مشن کےلئے اس کی مسلسل وابستگی کی نشاندہی کرتی ہے جس کا مقصد مختلف تنازعات والے علاقوں میں سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنا ہے۔ اقوام متحدہ کے امن مشن کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس وزرائے خارجہ اور دفاع کی شرکت کے ساتھ منعقد ہوتا ہے، 2023 کا وزارتی اجلاس دسمبر میں گھانا میں منعقد کیا جائے گا،

اس سے قبل اجلاس کی تیاری کے لئے چار میٹنگز کی ایک سیریز ہوگی جن میں سے ایک پاکستان کی میزبانی میں ہوگی جس میں اقوام متحدہ کے امن مشن کو بہتر بنانے کے لیے ٹھوس نتائج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے مخصوص شعبوں پر توجہ دی جائے گی۔