دبئی۔ 11 اکتوبر (اے پی پی) عثمان خواجہ کی شاندار سنچری اور ٹریوس ہیڈ اور ٹم پائن کی نصف سنچریوں بدولت پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا دبئی ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ہی ختم ہوگیا۔ عثمان خواجہ نے 141، ٹریوس ہیڈ نے 72 اور ٹم پائن نے ناقابل شکست 61 رنز بناکر اپنی ٹیم کو شکست سے بچالیا، عثمان خواجہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ آخری روز کینگروز کو فتح کیلئے مزید 326 رنز جبکہ پاکستان کو 7 وکٹیں درکار تھیں تاہم آسٹریلوی ٹیم مجموعی 462 رنز ہدف کے تعاقب میں میچ کے آخری روز اپنی دوسری اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز بناسکی۔ آسٹریلیا کی طرف سے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے عثمان خواجہ 141، ٹریوس ہیڈ 72 ، آرون فنچ 49 رنز بنائے اور ٹم پائن ناقابل شکست 61رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے لیکن وہ اپنی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔ پاکستان کی طرف سے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں محمد عباس نے 7، بلال آصف نے 6 اور یاسر شاہ نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میچ کے پانچویں روز آسٹریلوی بلے بازوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ پاکستانی باﺅلرز پورے دن میں 5 کھلاڑی آﺅٹ کرنے میں کامیاب ہو سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=117124