پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل بارش کے باعث بے نتیجہ ختم

85
Pakistan, Australian
Pakistan, Australian

سڈنی۔ 03نومبر(اے پی پی)پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کی سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا، ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت کینگروز نے 119 رنز کے تعاقت میں 3.1 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 41 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ کو روک دیا گیا جو دوبارہ شروع نہ ہو سکا، ایرون فنچ نے 16 گیندوں پر 37 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، پاکستان کی طرف سے کپتان بابر اعظم نے ناقابل شکست 59 رنز بنائے۔ اتوار کو سڈنی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستانی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور پہلے اوور کی دوسری گیند پر فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے مچل اسٹارک کی گیند پر کیچ آو¿ٹ ہو گئے۔ 10 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی دوسری وکٹ گر گئی، حارث سہیل ایک غیر ضروری سٹروک کھیلتے ہوئے رچرڈ سن کی گیند پر کیچ آو¿ٹ ہوگئے، انہوں نے 4 رنز بنائے، اس موقع پر کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 60 رنز کی شراکت قائم کرکے سکور 70 تک پہنچا دیا، محمد رضوان 31 رنز بناکر ایجر کا شکار بن گئے، 13واں اوور جاری تھا کہ بارش شروع ہوگئی اور میچ روک دیا گیا، میچ دوبارہ شروع ہوا تو امپائرز نے پاکستانی اننگز کو 15 اوورز تک محدود کر دیا، کھیل کا دوبارہ آغاز ہوا تو آصف علی انفرادی سکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کرنے کے بعد 11 رن بنا کر آو¿ٹ ہو گئے جبکہ عماد وسیم بھی پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم نے ایک طرف سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 38 گیندوں پر 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا سکور 107 تک پہنچا دیا، گرین شرٹس نے مقررہ 15 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنائے تاہم ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت آسٹریلیا کو جیت کے لئے 119 رنز کا ہدف ملا۔ مچل سٹارک اور کین رچرڈسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا کی جانب کپتان ایرون فنچ نے اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور 3.1 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے سکور 41 تک پہنچا دیا، اس موقع پر موسلا دھاربارش شروع ہوگئی اور میچ ایک بار پھر روک دیا گیا، کافی دیر تک بارش نہ رکنے کے سبب امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کر دیا، فنچ نے 16 گیندوں پر 37 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، یوں سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا۔