
اسلام آباد ۔ 12 مارچ (اے پی پی) پاکستان اور ترکمانستان کے مابین دو طرفہ تعاون میں فروغ کیلئے اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دیئے گئے۔دونوں ملکوں نے باہمی تعاون کے دیگر پہلووں پر غور و خوض پر بھی اتفاق کیا ہے۔ منگل کو وزارت خارجہ میں پاکستان اور ترکمانستان کے مابین وفود کی سطح پر دوطرفہ مشاورت کا دوسرا مرحلہ منعقد ہوا۔پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی جبکہ ترکمانستان کے وفد کی قیادت راشد میریدوف کر رہے تھے۔اجلاس میں پاکستان اور ترکمانستان کے مابین پہلے مشاورتی اجلاس میں کئے گئے دو طرفہ فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔مذاکرات کے دوران فریقین نے پاکستان اور ترکمانستان کے مابین سیاسی، سفارتی، اقتصادی، تجارتی اور دفاعی شعبوں میں ہونے والی پیشرفت کو سراہا۔فریقین نے پاکستان اور ترکمانستان کے مابین باہمی تعاون کے دیگر پہلووں پر غور و خوض پر بھی اتفاق کیا۔اس موقع پر پاکستان اور ترکمانستان کے مابین دو طرفہ تعاون میں فروغ کیلئے اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دیئے گئے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور انکے ترکمن ہم منصب رشید میریدوف نے معاہدوں پر دستخط کئے۔قبل ازیں وزارت خارجہ پہنچنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے معزز مہمان کا خیر مقدم کیا۔بعد ازاں ملاقات کے دوران دونوں وزراءخارجہ نے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ کیا۔اس موقع پر ترکمانستان اور پاکستان کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات بھی منعقد ہوئے۔ترکمانستان کے وزیر خارجہ کے اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط اقتصادی شراکت داری استوار کرنے میں مدد ملے گی۔