پاکستان اور ترکیہ کے مابین دوستانہ تعلقات ہمیشہ مثالی رہے ہیں، چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی

132
چیئرمین سینیٹ سے میر چنگیز خان جمالی کی ملاقات

اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین دوستانہ تعلقات ہمیشہ مثالی رہے ہیں، برادر ملک ترکیہ کی سیلاب متاثرین کیلئے بروقت امداد پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کااظہارانہوں نے ترکیہ کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر مصطفی سنتوپ سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ برادر ملک ترکیہ کی جانب سے مشکل کی اس گھڑی میں امداد پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

محمد صادق سنجرانی پاکستان اور ترکیہ کے مابین دوستانہ تعلقات ہمیشہ مثالی رہے ہیں۔ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کی مدد کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے عوام اور حکومتوں کے مابین ہم آہنگی قابل تعریف ہے۔ہر اہم فورم پر دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے موقف کی بھر پور حمایت کی ہے۔پارلیمانی روابط کے فروغ سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔

محمد صادق سنجرانی نے کہاکہ برادر ملک ترکیہ کی سیلاب متاثرین کیلئے بروقت امداد پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ٹیلی فون پر گفتگو کرتےہوئے ترکیہ کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر مصطفیٰ سنتوپ نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر جانی و مالی نقصانات پر دلی دکھ ا ور افسوس ہوا۔

سیلاب کے نتیجے میں جاں بحق افراد کیلئے تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔پاکستان اور ترکیہ نے ہمیشہ مشکل کی گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔سپیکر مصطفیٰ سنتوپ نے کہا کہ پاکستان کے مشکل وقت میں ہر ممکن مدد کی جائے گی۔