پاکستان اور عراق کے مابین سیاحت کو فروغ دینے سے متعلق تعاون کا معاہدہ طے پا گیا

71

اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):پاکستان اور عراق کے مابین سیاحت کو فروغ دینے سے متعلق تعاون کا معاہدہ طے پا گیا۔عراق کے وزیر ثقافت و سیاحت اور عراق میں پاکستان کے سفیر نے گزشتہ روز بغداد میں معاہدے پر دستخط کئے۔جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق معاہدہ سے دونوں برادر ممالک کے درمیان سیاحت کے شعبے میں تعاون کو فروغ ملے گا۔

اس سے پاکستان اور عراق کے درمیان عوامی روابط کو مضبوط بنانے میں بھی مدد ملے گی۔پاکستان زائرین کو عراق میں سہولت فراہم کرنے کے لیے بھی عراقی فریق کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں ہے۔مفاہمت پر دستخط مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط اور متنوع بنانے کے لیے دونوں ممالک کی کوششوں کا مظہر ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال متعدد وزارتی سطح کے دوروں کے تبادلوں سے پاکستان اور عراق کے درمیان دوطرفہ تعاون کو نمایاں فروغ ملا ۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان عراق کیساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور وسعت دینے کیلئے پر عزم ہے۔